27 نومبر ، 2013
اسلام آباد…محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔ تاہم مالاکنڈ اور گلگت بلتستان میں موسم ابر آلود رہے گا۔قبائلی علاقوں کرم اور اورکزئی ایجنسی کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے بعد سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیاہے۔ شدید سردی میں جہاں موسمی بیماریاں سر اٹھارہی ہیں وہیں سردی سے بچنے کے سامان بھی آسانی سے ہاتھ نہیں آرہے۔ جلانے کی لکڑی اور گیس سلنڈروں کے بڑھتے دام لوگوں کو سردی میں بھی پسینے دلارہے ہیں۔چمن سمیت شمالی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں گزشتہ دنوں ہونیوالی بارشوں کا سلسلہ تھم گیا ہے۔ بارش کے بعد سرد ہوائیں چل رہی ہیں۔گلگت بلتستان ،مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویڑن کے بالائی علاقوں میں بھی موسم سرما اپنا اثر دیکھا رہا ہے۔ سردی سے بچاوٴ کے لیے لوگ گرم کپڑوں کا استعمال کررہے ہیں۔ سب سے کم درجہ حرارت اسکردو میں منفی چھ ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔