28 نومبر ، 2013
لاہور…پنجاب کے اساتذہ نے مطالبات کی منظوری کیلئے حکومت کو15 دن کا الٹی میٹم دے دیا۔پنجاب ٹیچرز یونین نے دھمکی دی ہے کہ اگر پندرہ دن کے اندر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو طلبہ کے ساتھ مل کر دھرنا دیں گے۔ اس کے بعد امتحانات، بلدیاتی الیکشن، ڈینگی اور پولیو مہم کا بائیکاٹ بھی کر سکتے ہیں۔پنجاب ٹیچرز یونین کے زیر اہتمام لاہور میں ناصر باغ سے مال روڈ چیرنگ کراس تک ریلی نکالی گئی جس میں صوبے بھر سے مرد اساتذہ کے ساتھ خواتین اساتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکا نے چیئرنگ کراس پر پونے گھنٹے تک احتجاجی دھرنا دیا۔ اساتذہ کا مطالبہ تھا کہ ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹیاں، اساتذہ کی غیر ضروری ڈیوٹیاں اور وزیر اعلیٰ روڈ میپ برائے تعلیم کے نام پر انتقامی کارروائیاں ختم کی جائیں۔