01 دسمبر ، 2013
ڈیلس…زاہد اختر خانزادہ/ نمائندہ … امریکہ میں پاکستانی ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم اپنا نارتھ ٹیکساس چیپٹر کی جانب سے سالانہ قومی ہیلتھ کیئر ڈے ڈیلس منایا گیا۔ اس ضمن میں اپنا کے صدر ڈاکٹر داؤد ناصر اور ان کی اہلیہ ڈاکٹر محمودہ ناصر کی کوششوں سے اور مقامی ساؤتھ ایشین کمیونٹی کو انٹرٹینمنٹ فراہم کرنے والے ادارے فن ایشیا انٹرٹینمنٹ کے تعاون سے ایک کیمپ کا اہتمام فن ایشیا کی 9 منزلہ نئی عمارت میں منعقد کیا گیا جس میں تمام کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نے اس کیمپ سے بھرپور استفادہ حاصل کیا۔ اپنا کی جانب سے آنے والے افراد کو فلو شاٹ‘ بلڈ شوگر چیک اَپ‘ دانتوں کی صفائی‘ نیوٹریشن‘ دانت‘ دل‘ شریانوں‘ خواتین اور خون کے ٹیسٹ‘ خواتین کیلئے میمو گرام کی رجسٹریشن‘ جنرل چیک اَپ سمیت نفسیاتی اور طبی مشورے بھی دئیے گئے۔ اس موقع پر اپنا سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹروں کی ٹیم نے جس میں ڈاکٹر بشیر احمد‘ ڈاکٹر واصق زیدی‘ ڈاکٹر ریاض حیدر‘ ڈاکٹر عدنان رفیع‘ ڈاکٹر محمد امیر‘ ڈاکٹر حامد برنی‘ ڈاکٹر ضیاء ورک‘ ڈاکٹر عاطف حسن‘ ڈاکٹر جائشا حسین‘ ڈاکٹر زہرہ جگانی‘ ڈاکٹر نسیم جگانی‘ ڈاکٹر سیما غفار‘ ڈاکٹر ارم ریحان‘ ڈاکٹر زاہد ظفر‘ ڈاکٹر فضل واحد‘ ڈاکٹر ہاشم مسجیہ‘ ڈاکٹر فرح فریدی‘ ڈاکٹر ثمینہ علی‘ ڈاکٹر شیراز ممتاز‘ ڈاکٹر خانسا کنور‘ ڈاکٹر خالد محمود‘ ڈاکٹر رفیعہ آفتاب‘ ڈاکٹر خان سنوئر نوائر‘ نونزاخدا‘ ڈاکٹر رابعہ خان‘ ڈاکٹر ارشد عباسی اور تقریباً 30 سے زائد اسکولوں کے طالب علم‘ رضاکاروں اور نرسوں و طبی عملے نے ایمان ناصر کی قیادت میں مذکورہ کیمپ میں شرکت کی۔ اس موقع پر آئے مریضوں کی تواضع دیسی اسنیکس سے کی گئی۔ اس موقع پر ڈاکٹر محمود ناصر نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اپنا ناتھ ٹیکساس کے صدر ڈاکٹر داؤد ناصر پوری زندگی ہمیشہ انسانیت کی خدمت کے مشن پر مامور رہے ہیں اور آج لگایا گیا یہ کیمپ بھی ان کی کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ڈاکٹر داؤد ناصر نے اپنا کے 2015ء میں ہونے والے انتخابات میں مرکزی سیکرٹری مالیات کے عہدے کیلئے اپنی خدمات پیش کی ہیں اور انہیں اُمید ہے کہ اپنا کے اراکین ان کی خدمات کے اعتراف میں ان کو اپنے قیمتی ووٹدے کر کامیاب بنائیں گے۔ اس موقع پر ڈاکٹر داؤد ناصر نے آئے ہوئے ڈاکٹروں‘ طبی عملے‘ رضاکاروں اور فن ایشیا کے مالکان جان حامد اور شارق حامد کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے میڈیکل کیمپ کے انعقاد میں اپنا سے بھرپور تعاون کیا۔