27 مارچ ، 2012
کراچی… کراچی میں پی آئی بی کالونی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ خاتون سمیت دو افراد زخمی ہو گئے ہیں۔ ایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر صغیر احمد کے مطابق فائرنگ میں جان بحق منصور اختر ایم کیو ایم کا کارکن تھا۔ واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے اسٹیڈیم روڈکے باہر پولیس موبائل کو آگ لگا دی۔ پولیس کے مطابق نامعلوم افراد نے پی آئی بی کالونی کے ایک گھر میں گھس کے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد زخمی ہو گئے جنھیں اسٹیڈیم روڈپر واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا تاہم منصور اختر نامی شخص دم توڑ گیا۔ واقعہ کے بعد ایم کیو ایم کے رہنماء اور وزیر صحت سندھ ڈاکٹر صغیر احمد اسپتال پہنچے جہاں انھوں نے زخمیوں کی عیادت کے بعد میڈیا سے گفت گو کرتے ہوئے کہا فائرنگ سے جان بحق منصور اختر ایم کیو ایم سیکٹر کا ممبر تھا، اور فائرنگ کے واقعہ ان کے بھائی اور بھابی کو بھی گولیاں لگی ہیں۔ ڈاکٹر صغیر احمد نے کہا کہ فائرنگ کے ذمہ داروں کو فوری طورپر گرفتار کیا جائے۔واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے اسپتال کے باہر ہنگامہ آرائی کی اورایک پولیس موبائل کو آگ لگا دی جبکہ دو کے شیشے توڑ دئے۔ صورت حال پر قابو پانے کے لئے پولیس کی مزید نفری موقع پر پہنچی اور ہوائی فائرنگ کر کے مشتعل افراد کو منتشر کیا۔ادھر مشتعل افراد نے سینٹرل جیل کے باہر بھی ایک بس کو آگ لگا دی گئی۔ ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔