13 دسمبر ، 2013
ملتان…سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کو این آئی سی ایل اسکینڈل میں پولیس کے ذریعے سمن مل گیا۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو آج نیب کے سامنے پیش ہونے کاحکم دیاگیا ہے۔ پولیس نے آج دو بجے نیب میں پیش ہونے کیلئے سمن ان کی رہائش گاہ پر پہنچادیا ہے۔سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو سپریم کورٹ کے حکم پر این آئی سی ایل کیس کی تفتیش میں رکاوٹیں پیدا کرنے کے الزام میں نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈی جی آپریشنز نیب ظاہر شاہ نے بدھ کوطلب کیا تھا مگر وہ حاضر نہ ہوئے۔جس کے بعد ڈی جی آپریشنز نیب نے سی پی او ملتان کو حکم دیا تھا کہ وہ سابق وزیراعظم کو نیب کی انکوائری میں پیش کریں۔ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم اس سے قبل این آئی سی ایل کیس میں ہی چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری، وفاقی ٹیکس محتسب عبدالروٴف چوہدری اور دیگر سے بھی پوچھ گچھ کا ایک دور مکمل کرچکی ہے۔ نیب کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی طرف سے این آئی سی ایل کیس میں ایف آئی اے کے سابق تفتیشی افسر ظفر قریشی کی راہ میں روڑے اٹکانے کے بارے میں نیب کی تفتیش آئندہ ماہ تک ختم ہونے کا امکان ہے۔