13 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…نیب نے این آئی سی ایل کیس کے حوالے سے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر نیک نیتی سے کام جاری رکھیں گے، کسی فرد کو اس کی سیاسی وابستگی کی بنا پر نشانہ نہیں بنایا جارہا۔نیب ذرائع کے مطابق قانون اور معمول کے مطابق سمن جاری کیے گئے، ضرروی نہیں کہ سمن کیے گئے شخص پر فرد جرم عائد کی جائے، تحقیقات کا مقصد مجرم کی شناخت اور مزید کارروائی کرنا ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب قمر الزمان نے تعیناتی کے بعد کہا تھا کہ انصاف دو دھاری تلوار ہے، انصاف مجرم کو سزا اور بے گناہ کا تحفظ کرتا ہے،قائم مقام چیئرمین نے ایسی ٹیم تشکیل دی جس میں تمام اداروں کی نمائندگی ہے، تحقیقاتی ٹیم تمام تحقیقاتی عمل کو شفاف بنائے گی، جس کے نتائج بتائیں گے کہ انصاف کرنے میں کتنے کامیاب ہوئے، نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ امید ہے تحقیقاتی عمل پر غیر ضروری الزامات اور قیاس آرائیاں نہیں ہوں گی، تحقیقات کا مقصد بے گناہ کو بخشنا بھی ہے۔