14 دسمبر ، 2013
لاہور…وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ ڈالر بہت تیزی سے نیچے آنے والا ہے، جن لوگوں نے ڈالر جمع کررکھے ہیں وہ جلدی سے کیش کرالیں۔ گورنر ہاوٴس لاہورمیں آل پاکستان ٹیکسٹائل ایسوسی ایشن کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈالر کو 1998ء اور99ء کی طرح نیچے لائیں گے، جن لوگوں نے ڈالر جمع کررکھے ہیں وہ جلدی سے کیش کرالیں۔ ان کا کہناتھاکہ پی آئی اے ا وربجلی کی ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری ہرصورت ہوگی ، تیاری کرلی ہے۔ اسحاق ڈار کا کہناتھاکہ اس وقت مالیاتی خسارہ 8.8فیصد ہے جسے چارسال میں کم کرکے 4فیصد پر لے آئیں گے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ پنجاب کی صنعتوں کو ہفتے میں دو روز گیس فراہم کی جائے گی جس کا شیڈ ول تیار کیا جارہا ہے۔ وزیر خزانہ کا کہناتھا کہ سابق حکومت اپنا سار امعاشی گند ہمارے کھاتے میں ڈال گئی ہے، مہنگی بجلی سب سے بڑا مسئلہ ہے،سستی بجلی کیلئے بڑے ڈیم بنائیں گے، اگلے سال داسو اوربھاشا ڈیم کی تعمیر شروع کردی جائے گی،داسو ڈیم کیلئے عالمی بنک فروری میں 700ملین ڈالر فراہم کردے گا۔