16 دسمبر ، 2013
پشاور…پشاور بڈھ بیرکے علاقے شیخ محمدی روڈ پر ہونے والے بم دھماکیمیں زخمی ہونے والا ایک اور شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 4 ہوگئی۔بم ڈسپوزل یونٹ کے اہلکاروں نے دوسرے بم کو ناکارہ بنادیا۔ اسپتال ترجمان کے مطابق تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کئے جانے والے پولیس اہلکار امین الحق بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔ جب کہ اسپتال میں زیر علاج ایک زخمی کی حالت خطرے سے باہر ہے۔پشاور کے نواحی علاقے شیخ محمدی میں رات گئے ورکشاپ کے باہر دھماکہ ہوا۔بی ڈی یو کے اہلکار علاقہ کلیئر کرنے اور تفتیش کے لئے موقع پر جارہے تھے کہ سڑک کنارے نصب بم کے ذریعے انکی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا۔ دھماکے کے نتیجے میں بی ڈی یو کے انچارج عبدالحق سمیت تین اہلکار اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ پولیس کے مطابق دھماکہ ریمورٹ کنڑول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔دھماکے میں زخمی ہونے والے بی ڈی یو اہلکار امین الحق اور راہ گیر نذیر الحق کو لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا جہاں امین الحق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔بی ڈی یو نے گذشتہ چار سالوں کے دوران 6 ہزار سے زیادہ بموں کو ناکارہ بنایا۔ بم ڈسپوزل یونٹ کے13 اہلکار گذشتہ دو سالوں کے فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کی قربانی دے چکے ہیں۔