پاکستان
17 دسمبر ، 2013

پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی 14 سال بعد ملاقات طے

پاک بھارت ڈی جی ایم اوز کی 14 سال بعد ملاقات طے

کراچی…جنگ کے منصوبے بنانے والے امن کی باتیں کریں گے، پاکستان اور بھارت کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی چودہ سال بعد ملاقات طے ہوگئی، جنرل ونود بھاٹیا چوبیس دسمبر کو جنرل عامر ریاض سے ملنے واہگہ آئیں گے، امن کی آشا بڑھائیں گے،جنگی حکمت عملی بنانے والے اب امن کے دنوں میں ایک دوسرے سے ملیں گے،14برس بعد پاک بھارت ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز ایک میز پر آمنے سامنے بیٹھیں گے،ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کی آخری ملاقات 1999 میں کارگل میں چھائے جنگ کے بادلوں میں واہگہ پر بھارتی علاقے اٹاری میں ہوئی تھی،جس کے بعد دونوں ہم منصبوں کے درمیان مختلف مواقعوں پر ہاٹ لائن پر تو گفتگو معمول کے مطابق چلتی رہی،لیکن بالمشافہ ملاقات نہ ہوئی ،اب 24 دسمبر کو واہگہ بارڈر پاکستان کے جنرل عامر ریاض میزبان ہوں گے اور ان کے مہمان بنیں گے جنرل ونود بھاٹیہ، ملاقات کا مقصد لائن آف کنٹرول پر پاک بھارت تناوٴ کی فضا کو کم کرنا اور دونوں جانب امن و امان کے اقدامات کو یقینی بنانا ہوگا،دلچسپ بات یہ ہے کہ دونوں افسران بھی پہلی بار ایک دوسرے سے ملیں گے ،پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز نے بھارتی ہم منصب کو ملاقات کی دعوت آج معمول کی ہاٹ لائن گفتگو پر دی،جو بھارت کی جانب سے بھی قبول کرلی گئی ہے،فوجی ہم منصبوں کے مل بیٹھنے کا فیصلہ ستمبر میں پاک بھارت وزرائے اعظم کی ملاقات میں کیا گیا تھا،تاہم دونوں جانب سے اس بارے میں اس وقت کوئی حتمی تاریخ سامنے نہیں آسکی تھی، تجزیہ کاروں کا بھی کہنا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب دونوں ملک کنٹرول لائن خلاف ورزیوں کے معاملے پر ایک دوسرے پر انگلی اٹھاتے رہے ہیں،دونوں ڈی جی ایم اوز کی ملاقات یہ ثابت کرنے کیلئے کافی ہے کہ تعلقات کی بہتری کیلئے پردے کے پیچھے کام کرنے والی بیک چینل سفارت کاری کے اثرات نمایاں ہونے لگے ہیں۔

مزید خبریں :