17 دسمبر ، 2013
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے راولپنڈی میں اثنائے عشری امام بارگاہ پر خودکش بم دھماکے کی شدیدالفاظ میں مذمت کی ہے اورخودکش حملے میں کئی افرادکے جاں بحق اورزخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیاہے ۔ اپنے بیان میں الطا ف حسین نے کہا کہ ملک کے مختلف شہروں میں شیعہ اورسنی علماء اورمذہبی رہنماوٴں کی ٹارگٹ کلنگزاورفرقہ وارانہ دہشت گردی کے تسلسل کے ساتھ ہونے والے واقعات سے صاف پتہ چلتاہے کہ پاکستان کوشیعہ سنی کی جنگ میں جھونکنے کی گھناوٴنی سازشیں کی جارہی ہیں۔ سنی رہنمامولاناشمس الرحمن اورشیعہ رہنما علامہ ناصر عباس کی ٹارگٹ کلنگ کے بعد آج راولپنڈی میں امام بارگاہ پر ہونے والاخودکش بم دھماکہ بھی اسی سازش کاحصہ دکھائی دیتاہے ۔ الطا ف حسین نے کھلی دہشت گردی کے واقعہ کی شدیدمذمت کی اور عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی صفوں میں اتحادبرقراررکھیں اورمتحدہوکرفرقہ وارانہ فساد کی آگ بھڑکانے کی سازشوں کوناکام بنادیں۔ انہوں نے تمام مکاتب فکربالخصوص شیعہ اورسنی علمائے کرام، مشائخ اورزاکرین سے اپیل کی کہ وہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی برقراررکھنے کے سلسلے میں اپنا کردار اداکریں۔ الطا ف حسین نے وفاقی حکومت اورصوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیاکہ فرقہ وارانہ دہشت گردی کی ان کارروائیوں کی روک تھام ا ورعوام کی جان ومال کے تحفظ کیلئے موٴثراقدامات کئے جائیں۔الطاف حسین نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افرادکے لواحقین سے دلی تعزیت کااظہارکیااورزخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعاکی۔ دریں اثناء الطاف حسین نے کہا ہے کہ سندھ دھرتی کے سچے سپوتوں کو حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے پیغام امن ، محبت ، بھائی چارہ اور انسانیت دوستی پر فخر ہے اور حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی سے سچی عقیدت و محبت کا تقاضہ ہے کہ ان کی تعلیمات پر نہ صرف عمل کیاجائے بلکہ اسے فروغ بھی دیاجائے ۔ شاہ عبد اللطیف بھٹائی کے عرس کے موقع پراپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ شاہ عبد اللطیف بھٹائی جیسی بزرگ اور عظیم ہستی نے اپنی صوفیانہ شاعری کے ذریعے سندھ دھرتی میں امن ، محبت اور احترام انسانیت کاپیغام دیا اور ان کے پیغام امن پر عمل کرکے ہی سندھ دھرتی کو امن و آشتی کا گہوارہ بنایا جاسکتا ہے ، اللہ تعالیٰ حضرت شاہ عبد اللطیف بھٹائی جیسی بزرگ اور عظیم ہستی کے صدقے پاکستان سے دہشت گردی کا خاتمہ فرمائے۔علاوہ ازیں الطاف حسین نے مسلح دہشت گردوں کے ہاتھوں بلدیہ ٹاؤن یونٹ 115کے کارکن جنید کی شہادت پرگہرے دکھ اور افسوس کااظہار کیا ہے ۔ ایک تعزیتی بیان میں انہوں نے شہید کے سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت وہمدردی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ مجھ سمیت ایم کیوایم کے تمام کارکنان آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔انھوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگواران کو یہ صدمہ برداشت کرنے کا حوصلہ عطاکرے۔ (آمین)