دنیا
19 دسمبر ، 2013

امریکی وزیرخارجہ کا بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کو فون

امریکی وزیرخارجہ کا بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کو فون

واشنگٹن…امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر کو فون کرکے بھارتی سفارت کار کی گرفتاری اور تلاشی پر اظہار افسوس کیا۔ رہائی کے بعد دیویانی کا تبادلہ اقوام متحدہ میں بھارتی مشن میں کردیا گیا۔ بھارتی سفارت کار کی گرفتاری اور برہنہ تلاشی کے معاملے پر تناوٴ کم کرنے کے لیے امریکی حکام نے کوششیں شروع کر دی ہیں۔محکمہ خارجہ کی ترجمان میری ہارف نے بتایا کہ وزیر خا رجہ جان کیری نے بھارتی قومی سلامتی کے مشیر شیو شنکر مینن کو ٹیلی فون کرکے اظہار افسوس کیا اور کہا کہ اس واقعے کو بھارت اور امریکا کے قریبی تعلقات پر اثر انداز نہیں ہونے دیں گے۔اس سے پہلے بھارتی راجیہ سبھا نے نائب قونصلر کی گرفتاری اور ناروا سلوک کے خلاف امریکا سے معافی کا مطالبہ کیا تھا۔ بھارتی حکومت نے معاملے پر ردعمل میں امریکی سفارتی اہلکاروں سے کئی مراعات واپس لے لی ہیں اور نئی دلی میں امریکی سفارت خانے سے سیکیورٹی بیریئر بھی ہٹا لیے گئے ہیں۔ناروا سلوک کے خلاف بھارت میں مظاہرے بھی کیے گئے۔ بھارتی نائب قونصلر دیویانی کھوبراگڑے کا تبادلہ اقوام متحدہ میں بھارتی مشن میں کردیا گیا ہے جس کے بعد انھیں مکمل سفارتی استثنا حاصل ہوگیا ہے۔ دیویانی نے بھارتی اخبار کو ای میل میں بتایا کہ گرفتاری کے بعد نہ صرف ان کو برہنہ کیاگیا بلکہ پوشیدہ حصوں تک کی تلاشی لی گئی اور ڈی این اے کے نمونے حاصل کیے گئے، ان کو کئی بار ہتھکڑی بھی لگائی گئی۔ بھارتی وزیراعظم من موہن سنگھ نے واقعے کو افسوس ناک اور ناقابل قبول قرار دیا ہے۔

مزید خبریں :