22 دسمبر ، 2013
کراچی…وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن نے کہا ہے کہ جب ایم کیوایم عدالت میں گئی توپھریہ دھرنے اور احتجاج کیوں کیے جارہے ہیں؟ وہ متحدہ قومی موومنٹ کے تحت آج ہونے والے احتجاج کے حوالے سے اپنے ردعمل کا اظہار کر رہے تھے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ دھرنوں اور مظاہروں سے حلقہ بندیاں تبدیل نہیں کی جائیں گی، ایم کیوایم بات کرنا چاہتی ہے تو آج بھی ہمارے دروازے کھلے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم سے پہلے بھی مذاکرات ہوتے رہے ہیں،حلقہ بندیوں کو سیاسی رنگ دینا مناسب نہیں، سندھ میں پہلی بار جماعتی بنیادوں پر بلدیاتی انتخابات ہونے جارہے ہیں۔ وزیراطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کو مینڈیٹ عوام نے دیا ہے کسی جماعت نے نہیں دیا، حلقہ بندیوں کوسیاسی رنگ دینا مناسب نہیں، ملک بھرکی طرح کراچی میں بھی حلقہ بندیاں کی گئی ہیں، کچھ جگہوں پر حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم کو اعتراض تھا جو صحیح تھا۔