پاکستان
24 دسمبر ، 2013

غداری کیس:مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی استدعا

غداری کیس:مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی استدعا

اسلام آباد…پرویز مشرف کے غداری کیس میں خصوصی عدالت میں پیش نہ ہونے پر سماعت 11 بجے تک ملتوی کر دی گئی۔سرکاری وکیل نے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری کی استدعا کر دی۔ پرویز مشرف کے وکلاء کا کہنا ہے کہ ان کی جان کو شدید خطرہ ہے اس لیے پیش نہیں ہوئے۔ پرویز مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی۔ پرویز مشرف کے پیش نہ ہونے پر سماعت ساڑھے9 بجے شروع ہوئی تو سرکاری وکیل نے پرویز مشرف کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کر دی۔ پرویزمشرف کے وکیل انور منصور خان نے کہا کہ ابھی ہمیں پتہ چلا ہے کی پرویز مشرف کی جان کو شدید خطرہ ہے ،اس لیے وہ پیش نہیں ہوئے۔ جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ اگر سیکیورٹی کا کوئی معاملہ ہے تودرخواست دائر کریں، اگر کوئی خطرہ ہے تو عدالت بالکل غور کرے گی۔ پرویز مشرف کے وکیل نے کہا کہ ہم نے درخواست دائر کی ہے جس میں عدالت کے اختیار سماعت، بنچ کی تشکیل اور ججز کی نامزدگی پر اعتراضات ہیں، ہمیں ابھی تک کمپلینٹ کی کاپی نہیں ملی۔عدالت کی طرف سے رجسٹرار نیاسی وقت کمپلینٹ کی کاپی پرویز مشرف کے وکلاء کے حوالے کر دی۔ سرکاری وکیل نے کہا کہ ملزم کی موجودگی کے بغیر کاروائی آگے نہیں بڑھ سکتی،یہ فوجداری مقدمہ ہے جس کے لیے ملزم کی موجودگی ضروری ہے۔ مقدمے کی سماعت 11 بجے دوبارہ ہو گی۔

مزید خبریں :