پاکستان
26 دسمبر ، 2013

امیر اور غریب ارکان پارلیمان کی فہرست جاری

امیر اور غریب ارکان پارلیمان کی فہرست جاری

اسلام آباد…الیکشن کمیشن نے مال دار اور غریب ارکان پارلیمان کی فہرست جاری کردی ہے۔ کوئی کروڑوں میں کھیلتا ہے تو کوئی لاکھوں میں، لیکن ایک عوامی نمائندہ ایسا بھی ہے جو عوام کی اکثریت کی طرح خالی ہاتھ ہے۔ وزیر اعظم پاکستان نواز شریف اربوں پتی ہیں،انہوں نے زرعی زمینوں، ورثے،تحفے میں ملنے والی یا زیرکفالت افراد کے نام جائیداد، فیکٹریز، ملکی اور غیر ملکی کرنسی کے بینک اکاوٴنٹس، طلائی زیورات اور فرنیچرکو ملا کر اثاثوں کی کل مالیت ایک ارب 82کروڑ 40 لاکھ 44ہزار 233 روپے ظاہر کی ہے۔وزیر اعظم کی صرف زرعی زمینوں کی مالیت ایک ارب 43کروڑ 3لاکھ 32ہزار 500روپے ہے۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان بھی اثاثوں کی دوڑ میں پیچھے نہیں جن کے پلاٹ ، زرعی زمین ، گاڑیوں اور بینک اکاوٴنٹس کی کل مالیت 5کروڑ 93 لاکھ ، 50 ہزار 582 روپے بتائی گئی ہے۔ صرف ذاتی اخراجات ہی ایک کروڑ 28لاکھ 25ہزار 300 روپے ہیں ،، وہ 2کروڑ 96لاکھ 75ہزار 291 روپے کے مقروض بھی ہیں۔ قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کے اثاثوں کی مالیت 1 کروڑ 84 لاکھ روپے ہے۔جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنے اثاثے 73 لاکھ 18ہزار 380 روپے ظاہر کیے ہیں۔مولانا کے بینک اکاوٴنٹس میں صرف 16 لاکھ 8ہزار 380 روپے پڑے ہیں ، زیورات کی مالیت ساڑھے 9لاکھ روپے جبکہ دو مکانوں کی کل مالیت 40 اور ایک پلاٹ کی 7لاکھ روپے بتائی گئی ہے ۔متحدہ قومی موومنٹ کے فاروق ستار نے 36لاکھ 41 ہزار روپے کے اثاثے ظاہر کیے ہیں ، ان کے بھی بینک اکاوٴنٹ میں رقم 14لاکھ 78ہزار 250 روپے سے زیادہ نہیں۔مسلم لیگ ق کے سینیٹر چوہدری شجاعت حسین 9کروڑ 88 لاکھ 98 ہزار روپے کے اثاثوں کے مالک ہیں، ان کے پاس سو تولے سونا تو ضرور ہے لیکن وہ اب تک اپنی گاڑی نہیں لے سکے۔ تاہم ان کے چھوٹے بھائی پرویز الٰہی کے پاس 3کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دو دو گاڑیاں ہیں، اور اثاثوں کی مالیت ہے، 20 کروڑ 25لاکھ 92ہزار روپے ۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید بھی کروڑ پتی ہیں جن کے اثاثے 4 کروڑ روپے کے لگ بھگ ہیں ،،شیخ صاحب کے اثاثوں میں 6 لاکھ 30ہزار روپے مالیت کا اسلحہ یعنی بندوقیں اور پستول بھی ہیں۔بات کی جائے صوبائی وزرائے اعلیٰ کی تو شہباز شریف ان میں سب سے امیر ہیں جن کے اثاثے ہیں 25 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے،جن میں 13 کروڑ کے بیرون ملک اثاثے بھی شامل ہیں،امیر ترین وزیر اعلیٰ کی اہلیہ ان سے بھی امیر ہیں جن کے اثاثے ہیں 27 کروڑ روپے ہیں۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے اثاثوں کی مالیت ہے ساڑھے 22 کروڑ سے زائد جبکہ وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک کے اثاثے ساڑھے 3 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے ہیں،وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کے اثاثوں کی مالیت 1 کروڑ 62 لاکھ ہے،ایک گاڑی بھی ہے لیکن بیٹی کے نام ،ارب پتیوں اور کروڑ پتیوں کی جھرمٹ میں ایک جمشید دستی بھی ہیں جن کے پاس کچھ بھی نہیں۔ اثاثوں کی مالیت صفر ہے ، ان کی یہ حالت کوئی آج کی نہیں ،جب سے انہوں نے اسمبلی کا رخ کیا ہے ان کے اثاثے خالی ہی رہے، لگتا ہے کئی سالوں سے عوام کی طرح ان کی حالت بھی نہیں بدل سکی۔


مزید خبریں :