پاکستان
04 جنوری ، 2014

ایم کیوایم میں کچھ عناصر الطاف حسین کے خلاف سازش کر رہے ہیں،شرجیل میمن

ایم کیوایم میں کچھ عناصر الطاف حسین کے خلاف سازش کر رہے ہیں،شرجیل میمن

کراچی…سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے اندر کچھ عناصر الطاف حسین کے خلاف سازش کر رہے ہیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری مفاہمت کی پالیسی کے تحت الطاف حسین کو انکل سمجھتے ہیں لیکن اس سے زیادہ انہیں سندھ اور پاکستان سے پیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کے مطالبے پر دو چیزیں ذہن میں آرہی ہیں، الگ صوبے کا مطالبہ مشرف کے خلاف ٹرائل سے دھیان ہٹانے کی سازش ہو سکتی ہے یا کراچی میں جاری ٹارگٹڈ آپریشن سے توجہ ہٹانے کی بھی سازش ہوسکتی ہے۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے اندر لوگ الطاف حسین کو غلط اعداد و شمار دے رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری محترمہ کے مفاہمت کے پیغام پر چل رہے ہیں، بلاول الطاف حسین کو اپنا انکل سمجھتے ہیں،لیکن ان کو اس سے زیادہ سندھ اور اس کے عوام سے پیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں رہنے والے تمام زبانوں کے لوگ بھائی ہیں اور گراس روٹ پر ایسی کوئی سوچ نہیں، اس طرح کا نعرہ لگانا اور سوچ اجاگر کرنا پاکستان کے خلاف سازش ہے، عوامی جلسوں میں علیحدگی کے اعلان کی بات کرنا پاکستان کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ روز کھانے کمانے والے ہڑتالوں کی نذر ہو رہے ہیں،نمبر گیم پورے ہونے کے باوجود متحدہ قومی موومنٹ کو اتحادی جماعت بنایا، مہنگائی سمیت ملک کے موجودہ مسائل کو حل کرنا سیاسی قیادت کا کام ہے۔ وزیراطلاعات سندھ نے کہا کہ الطاف حسین کے خلاف کام کرنے والے دوبارہ ایم کیو ایم کو مشرف کی حمایت کا کہہ رہے ہیں، آئین توڑنے والوں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، ایم کیو ایم بھی آئین توڑنے والوں کے خلاف کارروائی کی حمایت کرے، ایم کیو ایم کے اندر کام کرنی والے اینٹی الطاف حسین انہیں غلط گائیڈ کر رہے ہیں، نئے ایڈوائزر جو الطاف حسین کو مشورے دے رہے ہیں وہ ملکی مفاد میں نہیں۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت کے ساتھ تحفظات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکتا ہے، الطاف حسین کو مس گائیڈ کرنے کے بعد ہی ایسی باتیں کی جارہی ہیں، حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم سے بات ہو رہی تھی کہ پھر محترم الطاف حسین کو مس گائیڈ کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ بھتا خوروں، مساجد اور امام بارگاہوں پر حملہ کرنے والوں کے خلاف آپریشن ہو رہا ہے۔

مزید خبریں :