04 جنوری ، 2014
اسلام آباد…پرویز مشرف کے خلاف ٹرائل روکنے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست جمع کرا دی گئی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کوبیرون ملک جانے سے روکنے کی درخواست سماعت کیلئے منظور کر لی۔ پرویز مشرف کے خلاف مقدمہ روکنے کی درخواست سپریم کورٹ میں ان کے وکلا نے جمع کرائی۔پرویز مشرف کے وکیل ابراہیم ستی کا کہنا ہے کہ عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ درخواست کی سماعت 8جنوری کو کی جائے۔ سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف ٹرائل روکنے اور 31 جولائی کے فیصلے پر نظر ثانی کی درخواستیں رجسٹرار آفس نے پہلے اعتراض لگا کر واپس کر دی تھیں۔ دوسری جانب پرویز مشرف کی بیرون ملک ممکنہ روانگی کے خلاف لال مسجد کی شہداء فاوٴنڈیشن نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی جو سماعت کے لیے منظور کرلی گئی ہے۔ جسٹس شوکت عزیز صدیقی 6 جنوری کو سماعت کریں گے۔ درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ پرویز مشرف کو علاج کے بہانے بیرون ملک جانے سے روکا جائے۔