10 جنوری ، 2014
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے ہنگو میں خودکش حملہ آور کو روکتے ہوئے شہید ہونے والے طالب علم اعتزاز حسین کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کے خلاف جرأت وبہادری کا مظاہرہ کرنے والے اعتزاز حسین شہید کو سرکاری اعزاز سے نوازا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ اعتزاز حسین شہید کے اہل خانہ کو بھاری معاوضہ بھی ادا کیا جائے اور اس کے اسکول کو اعتزاز شہید کے نام سے موسوم کیا جائے۔ الطاف حسین نے کہا کہ نئی نسل کوحصول تعلیم سے روکنے والے دہشت گرد عناصر اسلام، قرآن مجید اورنبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات کی صریحاً نفی کر رہے ہیں۔