پاکستان
10 جنوری ، 2014

چوہدری اسلم کے قافلے پر حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

چوہدری اسلم کے قافلے پر حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار

کراچی…چوہدری اسلم پر حملے کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ تیار کرلی گئی ہے۔ اس کے مطابق دھماکاخیزمواد اور کیمیکل سے بھری پک اپ چوہدری اسلم کی گاڑی سے ٹکرائی۔ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ ڈی آئی جی ظفرعباسی بخاری اور ایس ایس پی سی آئی ڈی نیاز کھوسو کی سربراہی میں بنائی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق دھماکا خیزمواد اور کیمیکل سے بھری سو پک اپ کو چوہدری اسلم کی گاڑی سے ٹکرایا گیا، جس میں ڈیڑھ سو سے 200کلو گرام دھماکا خیزمواد اور کیمیکل استعمال کیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق دھماکاخیزمواد اور کیمیکل پلاسٹک کے ڈرم میں رکھا گیا تھا۔ دھماکے میں کسی ڈیوائس یا ریمورٹ کنٹرول، بال بیرنگ اور نٹ بولٹ استعمال ہونے کے شواہد نہیں ملے ۔ دھماکے کی جگہ سے انسانی اعضا اور ایک ہاتھ ملا ہے، جنہیں ڈی این اے ٹیسٹ اور فنگر پرنٹس کے لیے بھیجا گیا ہے جبکہ دھماکے کے ایک زخمی حضرت بلال سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔ گزشتہ روز شام تقریباً ساڑھے چار بجے کراچی میں عیسیٰ نگری قبرستان کے قریب لیاری ایکسپریس وے پر دہشت گردوں کی جانب سے چوہدری اسلم کو اس وقت نشانہ بنایا گیا، جب وہ اپنے دفتر جارہے تھے۔ دھماکے سے ان کے قافلے میں پولیس کی تین موبائلیں اور ان کی بلٹ پروف گاڑی مکمل تباہ ہوگئی تھی، حملے میں چوہدری اسلم کے ساتھ پولیس اہل کار فرحان جونیجو اور محمد کامران بھی شہید ہوگئے تھے۔

مزید خبریں :