12 جنوری ، 2014
کراچی…امیر جماعت اسلامی سید منور حسن کا کہناہے کہ خطے کو امریکی غلامی سے نکالنے کیلئے روس سمیت تمام ممالک کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی نجکاری کی پالیسی کے خلاف ملک بھر میں مہم چلائیں گے ، مزدوروں اور کارکنوں کو سڑکوں پر آنا ہوگا۔ ادارہ نور حق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے امیر سید منور حسن کا کہنا تھاکہ حکومت کرپشن اور دہشت گردی نہیں روک پارہی ہے،قومی اداروں کی نجکاری پر اتر آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ نجکاری کا معاملہ سینیٹ میں لایا ہی نہیں گیا،اس سلسلے میں گورنر اسٹیٹ بینک اوروفاقی وزیر خزانہ جھوٹ بول رہے ہیں ،سید منور حسن نے کہا کہ ایک کمیشن بنایا جائے اور لوگوں کو بتایا جائے کہ اب تک قومی اداروں کی نجکاری سے کیا ملاہے ،انہوں نے بتایا کہ جماعت اسلامی قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف ملک بھر میں مہم چلائے گی،اس پر مزدوروں اور کارکنوں کو سڑک پر آنا ہوگا۔ایک سوال پرامیر جماعت اسلامی کا کہناتھا کہ خطے کو امریکی غلامی سے نکالنے کیلئے روس سمیت تمام ممالک کو سر جوڑ کر بیٹھنا ہوگا۔