18 جنوری ، 2014
شکارپور …جیو کے شہید رپورٹر ولی خان بابر قتل کیس میں ملزمان کے وکیل آج بھی عدالت میں پیش نہ ہوسکے اور سماعت 25جنوری تک ملتوی کردی گئی۔سماعت بار بار ملتوی ہونے پر مختلف صحافتی تنظیموں نے احتجاج کیا اور شکارپور جیل کے باہر دھرنا دیا۔ ولی بابر قتل کیس کی سماعت انسداددہشت گردی کندھ کوٹ کے جج مشتاق احمد لغاری کی سربراہی میں ڈسٹرکٹ جیل شکار پورمیں ہونی تھی لیکن ملزمان کے وکیل سلمان مجاہد ایک بار پھر پیش نہ ہوئے اور سماعت 25 جنوری تک ملتوی کردی گئی۔ ولی بابرکیس کی سماعت 8 ویں بار ملتوی ہوئی ہے۔ جج نے ملزمان کے وکیل کو ایک پھر نوٹس جاری کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان 25 جنوری کو ہر صورت اپنا وکیل پیش کریں ورنہ ان کی غیر موجودگی میں فیصلہ سنادیا جائے گا ۔ بغیر کسی کارروائی کے بار بار سماعت ملتوی ہونے پر ڈسٹرکٹ جیل کے باہر صحافتی تنظیموں نے دھرنا دیا ۔ ڈپٹی کمشنر شکار پورنے احتجاجی صحافیوں کو یقین دلایا کہ 25 جنوری کو کیس کا فیصلہ سنادیا جائے گا، جس پر صحافیوں نے دھرنا ختم کردیا۔