دنیا
19 جنوری ، 2014

سنندا کی موت کی وجہ خواب آور ادویات کی زیادہ مقدارہو سکتی ہے ،ڈاکٹر

سنندا کی موت کی وجہ خواب آور ادویات کی زیادہ مقدارہو سکتی ہے ،ڈاکٹر

نئی دہلی…ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ ششی تھرور کی اہلیہ کی موت کی وجہ خواب آور دواوٴں کی زیادہ مقدار ہو سکتی ہے ،حتمی جواب کے لیے پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظارہے جبکہ خاتون صحافی مہر تارڑ کہتی ہیں سنندا بیمار تھیں اور شوہر سے لڑائی ہوئی تو اس سے ان کی محبت کی کہانی کا کیا تعلق؟ ۔ڈاکٹروں نے ششی تھرور کی اہلیہ کی موت کوغیرطبعی قراردے دیا ہے۔ بھارتی وزیرمملکت ششی تھرور کی اہلیہ کی پوسٹ مارٹم رپورٹ تو 2 دن میں آجائے گی مگر پوسٹ مارٹم کرنے والے ڈاکٹروں کو سنندا پشکر کے خون میں خواب آور ادویات کے نمونے ملے ہیں۔جسے ان کی موت کی ممکنہ وجہ کہا جا رہاہے۔ بھارتی یونین منسٹر ششی تھرور کی بیوی سنندا پشکر کی پرسرار موت کی ممکنہ وجوہات سامنے آنے لگی ہیں۔دلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس کے ڈاکٹروں نے سنندا پشکر کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ سے پردہ اٹھادیا ہے۔ڈاکٹروں کے مطابق سنندا کی ہلاکت کے پیچھے خواب آور ادویات کا استعمال ہوسکتا ہے۔ہسپتال کے سینئر معالج ڈاکٹر سدھیر گپتا کا کہنا ہے کہ سنندا پشکر کے خون کے نمونے بھی حاصل کیے گئے ہیں تاکہ یہ جانا جاسکے کہ ان ادویات کے باعث کتنا زہر پھیلا۔بھارتی وزیر کی بیوی کے جسم پر زخموں کے نشانات بھی ملے ہیں تاہم ان میں سے کوئی بھی جان لیوا زخم نہیں تھا۔ادھر بھارتی میڈیا کے مطابق دلی پولیس کو بھی سنندا پشکر کے کمرے سے ان ادویات کے پیکٹس ملے ہیں جو عام طور پر ذہنی دباوٴ اور نیند کی کمی دورکرنے کیلیے استعمال کی جاتی ہیں۔دوسری جانب خاتون صحافی مہر تارڑ نے کہا ہے کہ سنندا بیمار تھیں اور شوہر سے لڑائی ہوئی تو اس سے ان کی محبت کی کہانی کا کیا تعلق ہے۔

مزید خبریں :