20 جنوری ، 2014
کراچی… محمد رفیق مانگٹ…ایران کے ڈپٹی وزیر تیل کاکہنا ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن منصوبے میں تبدیلی کا انحصار ایڈہاک کمیٹی کی سفارشات پر ہو گا۔ایرانی خبر رساں ادارے”فارس نیوز“ کے مطابق ایران کے ڈپٹی وزیر تیل کا کہنا ہے کہ ایران پاکستان گیس پائپ لائن شروع کرنے کے وقت میں تبدیلی ایڈہاک کمیٹی کی طرف سے پیش کردہ تجاویز کی روشنی میں کی جائے گی،آئی پی پر اپنی تجاویز پیش کرنے کے لئے یہ کمیٹی قائم کی گئی ہے۔بین الاقوامی امور اور تجار ت کے نائب وزیر تیل علی ماجدی نے کہا کہ گزشتہ ماہ وزرا کی اجلاس میں دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ ایسی کمیٹی تشکیل دی جائے جو باقاعدہ بنیادوں پر گیس پائپ لائن منصوبے کا جائزہ لے اور پاکستان کے اندرپائپ لائن کی تعمیر میں تاخیر کا حل نکالے،انہوں نے کہا کہ دونوں فریقوں نے وفود مقرر کیے جن کا اسی ماہ کے آخر میں اجلاس ہوگا جس میں گیس پائپ لائن منصوبے کے مسائل کو زیر بحث لایا جائے گااور وفود کی تجاویز اور سفارشات کو دونوں ممالک کے وزرا ء پٹرولیم کے سامنے پیش کی جائیں گی۔ تہران میں ہونے والی ملاقات میں دونوں ممالک کے وزرا نے ایل پی جی کی تجارت ، تیل کی ریفائنریوں کے قیام ،پاکستان کو خام تیل اور تیل کی مصنوعات کی برآمدات سمیت دیگر باہمی مسائل پر تبادلہ خیال کیا تھا۔