30 جنوری ، 2014
تہران…اگر آپ کی شکل کسی مشہور شخصیت سے ملتی ہے تو یہ آپ کے لئے مشکل بھی پیدا کرسکتی ہے۔ ایسا ہی کچھ ہوا ایران کے ایک اداکار کے ساتھ ،اداکار محمد بصیری نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں سابق ایرانی صدر احمدی نژاد کے ہم شکل ہونے کی وجہ سے آٹھ برس تک اداکاری سے روک دیا گیا۔ بین الاقوامی خبر ایجنسی سے انٹرویو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ انہیں پابندی کے بارے میں اس وقت معلوم ہوا جب 2005 میں احمدی نژاد صدر منتخب ہوئے۔ یہاں تک کہ ان کے ٹی وی شو کے کلپس سے ان کی تصویریں بھی ہٹا دی گئیں۔محمد بصیری کا شمار ایران کے مزاحیہ ٹی وی اداکاروں میں ہوتا ہے۔ وہ عمر میں احمدی نژاد سے دس برس بڑے ہیں۔