31 جنوری ، 2014
تھرپارکر…تھر کول منصوبے کے افتتاح کے لیے نواز زرداری بھائی بھائی بن گئے، دونوں نے مل کر افتتاح کیا۔اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ مل کر کام کیا تو 20سال کا کام 5سال میں ہوجائے گا ۔ جبکہ سابق صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ سیاسی قیادت اب سنجیدہ ہو چکی ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدر آصف زرداری نے مل کر تھرکول منصوبے کا سنگھ بنیاد رکھ دیا۔ میاں نواز شریف نے کہا ہے سیاست میں چھوٹی چھوٹی باتوں پر لڑنے کی فرسودہ روایات ختم ہورہی ہیں۔ سابق صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ سیاسی قیادت سنجیدہ ہوچکی ہے۔ تھر میں مشترکا طور پر کول پاور پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد دونوں رہنماوٴں نے ملک کی خاطر سیاست میں اتحادواتفاق کی باتیں کیں۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ تھرکول پراجیکٹ صرف سندھ کا نہیں پورے پاکستان کا منصوبہ ہے، مل کر کام کرنے سے 20سال کا کام 5سال میں مکمل ہوجائے گا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ آج ہر پاکستانی خوش ہوگا کہ ہم ایک ساتھ کھڑے ہیں، سیاسی قیادت نے یکجا ہوکر مثبت پیغام دیا ہے کہ جھگڑوں میں کچھ نہیں رکھا، ہر جماعت کا نکتہٴ نظر الگ ہوسکتا ہے مگر قومی مسائل پر سیاست نہیں ہونی چاہیے۔ اس سے پہلے اپنے خطاب میں آصف علی زرداری نے کہا کہ سیاسی قیادت سنجیدہ ہوگئی ہے، ہمیں ایک دوسرے کی مدد کرنا پڑے گی، بڑے منصوبے کو کوئی ایک جماعت آگے نہیں بڑھاسکتی۔ وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا کہ منصوبے کی مخالفت کے باوجود میاں نواز شریف نے ساتھ دیا جس پر وہ ان کے شکر گزار ہیں، تھر کا کوئلہ پاکستان کا سونا ہے، بجلی کے ساتھ روزگار کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔