01 فروری ، 2014
کراچی…فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کے خلاف کراچی میں اہلسنت والجماعت نے ریلی نکالی اور دھرنا دیا، پولیس چیف اور کمشنر کراچی سے مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا،مولانا احمد لدھیانوی نے کہا ہے کہ ملک کو کمزور اور عدم استحکام پیدا کرنے کی سازشیں کی جارہی ہیں۔ کراچی میں ناگن چورنگی سے اہلسنت والجماعت کی احتجاجی ریلی کا آغاز ہوا۔ گرو مندر پہنچ کرشرکاء سے خطاب میں اہلسنت والجماعت کے سربراہ مولانا احمد لدھیانوی کا کہنا تھاکہ سازشی عناصرکو پرامن اور مستحکم پاکستان برداشت نہیں ہے۔ علامہ اورنگزیب فاروقی نے کہاکہ کسی بھی طاقت کو امن و امان سے کھیلنے کی اجازت نہیں دیں گے، ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے صرف ایک ضلع میں دفعہ 144زیادتی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے ریلی کے شرکاء کو ایرانی قونصلیٹ جانے کی اجازت نہ ملنے پرمظاہرین نے دھرنا دیا۔ بعدازاں کراچی پولیس چیف اور کمشنر کراچی نے دھرنے کے شرکاء سے ملاقات کی اورتحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کے بعد اہلسنت والجماعت نے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔