04 فروری ، 2014
کراچی…کراچی میں کورنگی کے علاقے ابراہیم حیدری میں نامعلوم افراد کی پولیس موبائل پر فائرنگ سے چار اہلکار جاں بحق ہوگئے۔ پولیس چیف شاہد حیات کا کہنا ہے کہ کچھ روز قبل اسی علاقے میں دو ملزمان مقابلے میں مارے گئے تھے، یہ اس کا رد عمل ہوسکتا ہے۔ ایس ایس پی ملیر راوٴ انوار کے مطابق دو پولیس موبائل ابراہیم حیدری میں گشت پر تھی کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں چار پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگئے، زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی شناخت سب انسپکٹر فراز، کانسٹیبل شفیق ، اختر اور دیدار کے نام سے ہوئی ہے۔ ذرائع کے مطابق جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹس نہیں پہنی ہوئی تھی،کراچی پولیس چیف شاہد حیات نے جناح اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کچھ روز قبل اسی علاقے میں دو ملزمان پولیس مقابلے میں مارے گئے تھے، یہ اسی کا ردعمل ہوسکتا ہے،ان کا کہنا تھاکہ شہید اہلکاروں کے پاس بلٹ پروف جیکٹس کے نہ ہونے کا علم نہیں،تاہم پولیس نے بلٹ پروف جیکٹس کا آرڈر دے دیا ہے۔ دوسری جانب پولیس اور رینجرز نے بلدیہ کے علاقے اتحاد ٹاوٴن میں مشترکہ آپریشن کے دوران دو مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دونوں دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔ شانتی نگر میں رینجرز اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک رینجرز اہلکار زخمی ہوا۔