01 اپریل ، 2012
پشاور…آل پاکستان سی این جی ایسو سی ایشن خیبر پختونخوا کے چیئرمین پرویز خٹک نے کہا ہے کہ حکومت اپنے وعدوں سے پیچھے ہٹ چکی ہے، سی این جی انڈسٹری پر روز نت نئے ٹیکسز لگائے جا رہے ہیں۔پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس ے خطاب میں پرویز خٹک نے کہا کہ سی این جی کی قیمتوں میں تین ماہ کے دوران بائیس روپے فی کلو اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ گیس کا پریشر بھی کم رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیرکو اسلام آباد میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ حکومت انتہائی اقدام کا انتظار کئے بغیر قیمتوں میں ہوشربا اضافے کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے لے۔ انہو ں نے چیف جسٹس افتخار چوہدری سے بھی اپیل کہ سی این جی کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کا ازخود نوٹس لیں۔