05 فروری ، 2014
کراچی…انصار برنی ٹرسٹ نے انسانی حقوق کی کاوشوں پر جیو ٹی وی کے مشہور و معروف میزبان اور اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت کو 2013ء کا انسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انصار برنی ٹرسٹ کی طرف سے یہ اعلان ڈاکٹر عامر لیاقت کی ان کاوشوں پر دیا جار ہا ہے جن میں وہ کچرے کے ڈھیر سے اٹھائے گئے نومولود لاوارث بچوں کو بے اولاد جوڑوں کے حوالے کرکے دونوں کی کمی دور کررہے ہیں، فلاحی تنظیموں کے دفاتر کے باہر لاوارث بچوں کا جھولا خالی کریں اور بے اولاد جوڑوں کی گود بھریں، اسی کاوش کو لے کر کچرے کے ڈھیر میں پڑے بچوں کو ایک مکمل زندگی کی طرف لانے کی کوشش پر انصار برنی ٹرسٹ نے جیو ٹی وی کے معروف اینکر اور مذہبی اسکالر ڈاکٹر عامر لیاقت کو 2013ء کاانسانی حقوق کا ایوارڈ دینے کااعلان کیا ہے ۔ مذہب کی غلط تشریح کے باعث بچوں کو گود لینے پر معاشرتی طور پربرا سمجھا جاتاہے اور اسی وجہ سے ہر سال ہزاروں لاوارث بچوں کو موت کے منہ میں دھکیل دیا جاتا ہے لیکن جیو ٹی وی کے پروگرام امان رمضان نے نو مولود بچوں کی زندگی بچانے کی ایک کاوش شروع کی اور رمضان چھیپا کی مدد سے جھولوں میں پڑے لاوارث بچوں کو بے اولا جوڑوں کے حوالے کرنے کا سلسلہ چلایا ۔ ماں باپ سے محروم نومولود بچوں کے لیے والدین اور اولاد سے محروم جوڑوں کے لیے بچوں کی نعمت ہے۔ اس طرح جہاں بے اولاد جوڑوں اور لاوارث بچوں دونوں کے مسائل حل ہورہے ہیں وہیں کچرے کے ڈھیر میں پڑے ہزاروں بچے جانوروں کی خوراک بننے سے بھی بچ رہے ہیں۔ جیو ٹی وی کے شو انعام گھر کے گزشتہ شو میں بھی رمضان چھیپا نے ایک نومولود بچہ بے والا جوڑے کے حوالے کیا۔دس سال سے بے اولاد جوڑے کو جب نو مولود بچے کی صورت میں اولاد کی نعمت اور ذمہ داری ملی تو ان کے لیے جذبات پر قابو رکھنا مشکل ہوگیا۔ رمضان چھیپا نے اعتراف کیا کہ جیو ٹی وی اور عامر لیاقت کی طرف سے بچوں کو گود لینے کی آگاہی فراہم کرنے کے بعد اب زیادہ تعداد میں بچے گود لیے جارہے ہیں جبکہ دوسری طرف کچرے میں بھی نومولود بچے پھینکے جانے کے واقعات خاطر خواہ کم ہوئے ہیں۔