06 فروری ، 2014
حیدرآباد…حیدرآباد میں بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث مختلف علاقوں میں واٹرسپلائی لائنوں میں سیوریج کا پانی آنے لگا، شہری پینے کا پانی خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ ٹھنڈی ہواؤں اور ہوادانوں کے شہر کے نام سے شناخت رکھنے والا شہر حیدراباد کئی ماہ سے بلدیاتی اداروں کی نااہلی کے باعث کوڑے دان اورکھنڈر میں تبدیل ہوکر رہ گیاہے۔ لیاقت کالونی ،سخی پیر کالونی، پھلیلی، پریٹ آباد فقیر کا پڑ، لطیف اباد کے مختلف علاقے گندے پانی کے تالاب میں تبدیل ہوکر رہ گئے ہیں۔ دوسری جانب لطیف آباد ،قاسم آباد کے مختلف علاقوں میں سیوریج کا پانی کھڑا ہے۔ مختلف علاقوں میں واٹرسپلائی کی بوسیدہ لائنوں میں سیوریج کا پانی مل کر گھروں میں جارہا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ واسا کو شکایت کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوسکی اور شہری بدبودار اورآلودہ پانی کی وجہ سے خرید کر استعمال کرنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔