کھیل
06 فروری ، 2014

سوچی اولمپکس،امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی نے تنبیہ جا ری کر دی

سوچی اولمپکس،امریکی ہوم لینڈ سیکیورٹی نے تنبیہ جا ری کر دی

ماسکو…روس میں ہونے والے سرمائی المپکس کے دوران دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی نے روس جانے والی فضائی کمپنیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ پرواز میں ٹوتھ پیسٹ ٹیوب پر نظر رکھیں، جن میں بم بنانے کا مواد بھر کر لے جایا جاسکتا ہے۔سوچی اولمپکس کے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور سیکیورٹی کے انتظامات بھی تسلی بخش قرار دیئے جا چکے ہیں۔روس کے شہر سوچی میں’سرمائی اولمپکس‘ کل سے شروع ہوں گے۔ تاہم اس پر دہشت گردی کے سائے بھی منڈلا رہے ہیں۔ امریکا نے خبردار کردیا ہے کہ سوچی جانیوالی پروازوں پر چوکنا رہا جائے،کیونکہ دہشت گرد ان میں بم بنانے والا مواد لے کر جاسکتے ہیں، اس کیلئے ٹوتھ پیسٹ ٹیوبز کو استعمال کیا جاسکتا ہے۔امریکا نے ممکنہ دہشت گرد حملوں کے پیش نظر اپنے شہریوں کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ادھر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اولمپکس ویلیج پہنچے اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا، تاہم انھوں نے سلامتی کے معاملے کو تشویش کا باعث قرار دیا،پیوٹن کا کہنا تھا کہ لوگوں کی سیکیورٹی کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔دہشت گرد حملوں کے پیش نظر سوچی میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے۔ چار لاکھ افراد پر مشتمل اس آبادی کی سیکیورٹی پر ایک لاکھ سیکیورٹی اہل کار تعینات کئے گئے ہیں۔

مزید خبریں :