08 فروری ، 2014
کراچی…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے کارکن سلمان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف انتہائی کامیاب اور پرامن یوم سوگ منانے پرسندھ اورپاکستان بھرکے عوام کودل کی گہرائیوں سے زبردست خراج تحسین پیش کیاہے۔انہوں نے ایم کیوایم کے شہداء کیلئے دعائے مغفرت کرنے اور قرآن مجیدکی تلاوت کرکے شہداء کی ارواح کوایصال ثواب پہنچانے والے تمام علماء ، مشائخ ، ماؤں بہنوں اوربزرگوں کابھی دلی شکریہ اداکیا ہے۔اپنے بیان میں الطا ف حسین نے ارباب اختیارسے مطالبہ کیاکہ ایم کیوایم کے کارکن سلمان شہید اوردیگر معصوم وبے گناہ کارکنوں کے ماورائے عدالت قتل کی عدالتی تحقیقات کرائی جائے اورپولیس اور قانون نافذکرنے والی جن ایجنسیوں کے جن بڑے بڑے افسران کے احکامات اورنگرانی میں ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنوں کو انتہائی سفاکی اوردرندگی سے ماورائے عدالت قتل کیاگیاہے انہیں آئین قانون کے مطابق سخت ترین سزائیں دی جائیں اورظلم وبربریت کایہ سلسلہ بندکیاجائے۔ الطا ف حسین نے کہاکہ میں انتہائی افسوس کے ساتھ عوام کے علم میں یہ بات لانا چاہتا ہوں کہ میں نے ایم کیوایم کے کارکن سلمان کے ماورائے عدالت قتل کی تفصیلات بتانے کیلئے وزیراعلیٰ سندھ ، ڈی جی رینجرزسندھ سمیت متعدداعلیٰ حکام کو بذات خودمتعددفون کئے مگر انتہائی افسوس کے ساتھ کہناپڑتاہے کہ کسی بھی فرد نے مجھے جوابی فون کرنے کی زحمت تک گوارا نہیں کی۔ الطا ف حسین نے ایم کیوایم کے کارکن سلمان کے ماورائے عدالت قتل کے خلاف پرامن یوم سوگ کے سلسلے میں رضاکارانہ طورپر کاروبار اورٹرانسپورٹ بندرکھنے پر تاجر برادری اور ٹرانسپورٹ تنظیموں ،پیٹرول پمپس اورسی این جی ایسوسی ایشنزکابھی دل کی گہرائی سے شکریہ اداکیا۔