پاکستان
08 فروری ، 2014

پروفیسر ابراہیم اور یوسف شاہ کا طالبان سے 5نکات پر تبادلہ خیال

پروفیسر ابراہیم اور یوسف شاہ کا طالبان سے 5نکات پر تبادلہ خیال

میران شاہ…طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم اور رابطہ کار یوسف شاہ نے شمالی وزیرستان میں طالبان کی سیاسی شوریٰ سے ملاقات کی ہے اور انہیں حکومتی کمیٹی کے مطالبات سے آگاہ کیا اس دوران پانچ نکات پر تبادلہٴ خیال ہوا۔سرکاری ذرائع کہتے ہیں کہ حکومتی اور طالبان کی کمیٹیوں کے درمیان اگلی ملاقات آئندہ ہفتے متوقع ہے۔ حکومت سے مذاکرات کے لیے طالبان کمیٹی کے ایک رکن جماعت اسلامی کے پروفیسر ابراہیم اور کمیٹی کے رابطہ کار مولانا یوسف شاہ کی شمالی وزیر ستان میں کالعدم تحریک طالبان کی سیاسی شوریٰ سے ملاقات ہوگئی۔ دونوں رہنما پشاور سے ہیلی کاپٹر کے ذریعے شمالی وزیر ستان کے صدر مقام میران شاہ پہنچے اور وہاں سے گاڑیوں کے قافلے میں طالبان کی سیاسی شوریٰ سے ملاقات کے لیے آگے نامعلوم مقام کی جانب روانہ ہوگئے۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں حکومتی کمیٹی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر بات چیت کی گئی اور دو روز پہلے حکومتی کمیٹی کی جانب سے اٹھائے گئے پانچ نکات پر تبادلہ خیال ہوا۔ حکومتی کمیٹی کا پہلا نکتہ یہ تھا کہ مذاکرات آئین کے مطابق ہونے چاہئیں، دوسرا نکتہ یہ ہے کہ مذاکرات کا دائرہ کار صرف شورش زدہ علاقوں تک محدود ہوگا اور ان کا اطلاق پورے ملک پر نہیں ہوگا،تیسرا نکتہ یہ کہ امن و سلامتی کے منافی تمام سرگرمیاں ختم کی جائیں گی ،چوتھا نکتہ یہ کہ کیا حکومتی کمیٹی کو طالبان کی نگران کمیٹی سے بھی بات چیت کرنا ہوگی اور پانچواں نکتہ یہ کہ مذاکرات کا عمل طویل نہیں ہونا چاہیے کیونکہ قوم خوش خبری سننے کی منتظر ہے۔ دوسری جانب حکومتی کمیٹی کے ذرائع کہتے ہیں کہ طالبان کمیٹی کے ذریعے طالبان کی تجاویز اور مطالبات کا انتظار ہے، توقع ہے طالبان کی رابطہ کمیٹی کل تک واپس آ جائے گی،ادھر سرکاری ذرائع نے پیش گوئی کی ہے کہ حکومتی اور طالبان کمیٹی کا اجلاس آئندہ ہفتے بلایا جاسکتا ہے۔

مزید خبریں :