08 فروری ، 2014
لاہور…وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا ہے کہ حکومت اور طالبان کمیٹیوں کو مذاکرات کا موقع دیا جانا چاہیے،کوئی متفقہ فیصلہ ہوا تو اس پر عمل درآمد کیا جا سکتا ہے۔لاہور میں ایک تقریب کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ حکومت اور طالبان کی دو کمیٹیاں کام کر رہی ہیں ،انہیں پورا موقع ملنا چاہیے ،حکومتی کمیٹی کی جانب سے ابھی کوئی مطالبہ نہیں کیا گیا،امن کی تلاش میں نکلے ہیں،امن ہی منزل ہے۔ سعودی شہزادے کی آمد اور پرویز مشرف سے متعلق سوال پر وزیراطلاعات کا کہنا تھا کہ ملکی عدلیہ کے کاموں میں کوئی مداخلت نہیں کرسکتا، ہمیں اپنا ملک ٹھیک کرنا ہے، دوسروں کے معاملات میں مداخلت نہیں کرتے۔ عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے سینیٹر پرویز رشید کا کہنا تھا کہ انہیں دوافرادکی حراست کاعلم نہیں، اس سلسلے میں گرفتاریوں کاجواب وزیرداخلہ دیں گے۔