10 فروری ، 2014
رحیم یار خان…رحیم یار خان میں گیس کی تین بڑی پائپ لائنیں دھماکے سے اڑادی گئیں ، ایک بستی آگ کی لپیٹ میں آگئی جس کے باعث خاتون ہلاک ہوگئی جبکہ کئی قریبی آبادیوں کو خالی کرالیا گیا۔ سوئی نادردن کا کہنا ہے کہ واقعہ دہشت گردی ہے،انتہائی منصوبہ بندی سے تینوں لائنیں اڑائی گئی ہیں۔ ڈی پی او رحیم یار خان سہیل ظفر چٹھہ کے مطابق رنگ پور کے قریب نامعلوم افراد نے سوئی گیس کی مین پائپ لائن کو دھماکاخیز مواد سے تباہ کردیا۔ دھماکے کے بعد پائپ لائن میں آگ بھڑک اٹھی جس نے قریبی کھیتوں کو لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث بستی افضل حمید کھمبرا کو خالی کرالیا گیاہے۔ ایم ڈی سوئی ناردرن عارف حمید نے کہا ہے کہ رحیم یارخان کے قریب گیس کی تین مین لائنیں دھماکے سے تباہ کردی گئی ہیں۔ یہ گیس پائپ لائنیں چوبیس، اٹھارہ اور سولہ انچ قطر کی ہیں،ان لائنوں سے رحیم یار خان، ملتان، بہاولپور، لاہور اور فیصل آباد کو گیس دی جاتی ہے،سسٹم میں مجموعی طور پر چھ سو تیس ملین کیوبک فٹ گیس کی کمی ہوگئی ہے اور صرف چار سو ملین کیوبک فٹ گیس باقی رہ گئی ہے۔ سوئی ناردرن نے صارفین سے کہا ہے کہ گیس کے چولھے، ہیٹر اور گیزر فوری طور پر بند کردیں،ملک میں گیس پریشر انتہائی کم ہوگیا ہے اور لائنوں کی مرمت میں چوبیس سے چھتیس گھنٹے لگ سکتے ہیں۔ کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی نے حملے کی ذمے داری قبول کرلی ہے۔