10 فروری ، 2014
لاہور…لاہور کے علاقے ہربنس پورہ صحافی کالونی میں تین سال کا بچہ مین ہول میں گر کر ہلاک ہو گیا، واقعے کے خلاف اہل علاقہ نے احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق صحافی کالونی ای بلاک میں بچے گلی میں کھیل رہے تھے، اس دوران رہائشی عبدالستار کا بیٹا تین سالہ فیضان کھیلتے ہوئے کھلے مین ہول میں گر گیا ، اسے فوری طور پر نکالنے کی کوشش کی گئی تاہم وہ تب تک دم توڑ چکا تھا۔ کم سن بچے کی ہلاکت پر صحافی کالونی کے مکین گھروں سے نکل آئے اور واقعے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی کھلے مین ہول کی جانب کئی بار توجہ دلائی گئی لیکن اس سلسلے میں کچھ نہ کیا گیا۔