13 فروری ، 2014
اسلام آباد…چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کا کہنا ہے کہ کئی درخواستوں کے باوجود عسکری حکام نے این ایل سی اسکینڈل میں ملوث جرنیلوں کے خلاف انکوائری نہیں بھیجی ۔چیئرمین نیب قمرالزمان چوہدری نے کہا ہے کہ این ایل سی اسکینڈل میں ملوث 3ریٹائرڈ جنرلز کے بارے میں متعلقہ حکام کو کئی بار یاد دہانی کرائی مگر کوئی جواب نہیں ملا، گزشتہ4ماہ کے دوران قومی خزانے سے لوٹی گئی ایک ارب 25 کروڑ روپے کی رقم واپس حاصل کی گئی جبکہ 35 ریفرنسز دائر کیے گئے۔ چیئر مین نیب قمرالزمان چوہدری کا اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ نیب ریفرنسز میں سزاوٴں کا تناسب 67 فیصد ہے،نیب کے موجودہ قانون میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کیسز ہائی کورٹ اور سابق صدر آصف زرداری کے خلاف احتساب عدالت میں زیر سماعت ہیں۔ سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نیب کے طلب کرنے پر نہیں آئے مگر ان کے وکیل 5 مرتبہ پیش ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اوگرا اسکینڈل میں تفتیش کے بعد ذمہ دار ثابت ہونے والے افراد کے نام ہی ملزمان کی فہرست میں شامل کیے گئے۔ ایک سوال پر چیئرمین نیب نے کہا کہ این ایل سی اسکینڈل میں ملوث 3 ریٹائرڈجنرلز کے بارے میں متعلقہ حکام کو کئی بار یاد دہانی کرائی مگر کوئی جواب نہیں ملا۔