15 فروری ، 2014
لاہور…اراکین پارلیمنٹ کے لیے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی توسیع شدہ آخری تاریخ بھی گزر گئی، 77 قانون سازوں نے اپنی آمدنی کی تفصیلات جمع کرانے کی زحمت گوارا نہیں کیں جن میں نصف سے زائد سندھ اسمبلی کے ممبران ہیں۔ایف بی آر نے کئی بار اراکین پارلیمنٹ کے لیے ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی تھی۔ ایف بی آر ترجمان کے مطابق 14 فروری کو پارلیمنٹیرینز کے لیے گوشوارے جمع کرانے کی حتمی تاریخ تھی جس میں اب مزید توسیع نہیں ہوگی۔ جیو نیوز کو ملنے والی تفصیلات کے مطابق آخری تاریخ گزر جانے کے باوجود 1 ہزار 172 میں سے 77 قانون ساز ایسے ہیں جنھوں نے اپنی آمدنی اور ٹیکس جمع کرانے کی زحمت گوارا نہیں کی۔ 77 میں سے 41 سیاست دان سندھ اسمبلی کے ممبران ہیں۔ جن اراکین پارلیمنٹ نے ٹیکس گوشوارے جمع نہیں کرائے ان میں وفاقی وزیر غلام مرتضی جتوئی، سابق صدر آصف علی زرداری کی بہن عزرا افضل، سینیٹر رضا ربانی، ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے ڈپٹی کنوینر خالد مقبول صدیقی شامل ہیں۔ گوشوارے نہ جمع کرانے والوں کی فہرست میں سندھ اسمبلی سے صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن، سابق وزیر اعلیٰ سندھ ارباب غلام رحیم اور رؤف صدیقی قابل ذکر ہیں۔ ایف بی آر ترجمان کے مطابق ادارہ ہفتہ 15 فروری کو اراکین پارلیمنٹ کی ٹیکس تفصیلات شائع کردے گا۔ اب سوال یہ ہے کہ ایف بی آر ٹیکس گوشوارے جمع نہ کراکر قانون شکنی کا مرتکب ہونے والے ان اراکین پارلیمنٹ کے خلاف کیا کارروائی کرے گا؟