02 اپریل ، 2012
کراچی … وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ شہر میں سیاسی جماعتوں میں کوئی جنگ نہیں، جرائم پیشہ عناصر امن خراب کررہے ہیں، کل کوئی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوئی، پیمرا کو غلط رپورٹنگ کرنے پر ٹی وی مالکان کے خلاف نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ کراچی میں اسٹیٹ گیسٹ ہاوٴس میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرداخلہ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ کل سے کراچی میں کوئی ٹارگٹ کلنگ نہیں ہوئی، میڈیا کو شہر میں ہلاکتوں کی وجہ بھی معلوم کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہاکہ پیمرا کو غلط رپورٹنگ پر ٹی وی مالکان کو نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم اور اے این پی میں کوئی جنگ نہیں جرائم پیشہ افراد شہر میں امن خراب کررہے ہیں، تمام سیاسی جماعتیں جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی پر متفق ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار وکھری ٹائپ انسان ہیں، نیٹو سپلائی پر پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات کو اپنے کھاتے میں ڈال رہے ہیں۔ رحمان ملک نے کہاکہ ملکی سلامتی پر کوئی مفاہمت نہیں ہوگی ، شمسی ائیربیس سمیت کوئی ائیربیس امریکیوں کے زیر استعمال نہیں ہے۔