02 اپریل ، 2012
راولپنڈی … بریگیڈئیر علی خان نے وکیل صفائی تبدیل کئے جانے پر اپنے خلاف جاری کورٹ مارشل کی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا ہے۔ بریگیڈئیر علی خان کے وکیل کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ گزشتہ روز انہیں فوجی حکام کی طرف سے آگاہ کیا گیا کہ اب وہ بریگیڈئیر علی خان کے وکیل نہیں رہے اور ان کی جگہ ایک اور افسر کرنل (ر) خضر کو وکیل صفائی مقرر کیا گیا ہے۔ آج کورٹ مارشل کی کارروائی شروع ہوئی تو بریگیڈئیر علی خان نے وکیل صفائی کی تبدیلی پر احتجاج کرتے ہوئے عدالت کو تحریری طور پر آگاہ کیا کہ وہ اپنے وکیل کے بغیر عدالتی کارروائی میں حصہ نہیں لیں گے۔ اس پر فوجی عدالت کی کارروائی فی الحال روک دی گئی ہے۔ کرنل (ر) انعام الرحیم ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ آئینی حق سے محروم رکھنے پر وہ اعلیٰ فوجی حکام کوخط لکھیں گے۔