02 اپریل ، 2012
ممبئی … ورلڈ سیریز ہاکی شیر پنجاب نے جیت لی، فائنل میں پونے اسٹرائیکرز کو 2 کے مقابلے میں 5 گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بھارتی شہر ممبئی میں کھیلی گئی پہلی ورلڈ ہاکی سیریز کے فائنل میں ٹائٹل کیلئے شیر پنجاب اور پونے اسٹرائیکر کے درمیان مقابلہ ہوا۔ میچ کے چوتھے ہی منٹ میں پونے اسٹرائیکر کی جانب سے ٹیرون پیریرا نے فیلڈ گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلائی تاہم چھٹے منٹ میں شیر پنجاب کے وی ایس سنگھ نے پنالٹی کارنر پر گول بنا کر مقابلہ ایک ایک سے برابر کردیا جس کے بعد دونوں ٹیموں کی جانب سے برتری کی کوششیں جاری رہیں تاہم میچ کے 33ویں منٹ میں شیر پنجاب کے دیپک ٹھاکر نے گول کرکے اپنی ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا اور پھر شیر پنجاب کے پربھجوت سنگھ نے 47 اور 66 ویں جبکہ ہرپریت سنگھ نے 57 ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنادی۔ پونے اسٹرائیکر کے سمرن جیت نے 70ویں منٹ میں پنالٹی کارنر پر گول اسکور کیا تاہم وہ شیر پنجاب کی جیت کا اسکور بدلنے کے سوا کسی کام نہ آیا اور شیر پنجاب نے مقابلہ 5-2 سے جیت کر ورلڈ سیریز ہاکی کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔ بھارت کے گرجیندر سنگھ اور پاکستانی کھلاڑی عمران وارثی 19، 19 گول اسکور کرکے ٹورنامنٹ کے ٹاپ اسکورر رہے۔ بھارت میں منعقدہ ورلڈ ہاکی سیریز میں شکیل عباسی، ریحان بٹ، سہیل عباس سمیت کئی پاکستانی کھلاڑیوں نے شرکت کی ۔