02 اپریل ، 2012
کراچی … سندھ ہائی کورٹ میں سی این جی کی قیمت میں اضافے کے خلاف آئینی درخواست دائر کردی گئی جس میں اضافے کو انسانی حقوق سلب کرنے اور آئین سے متصادم قرار دیا گیا ہے۔ آئینی درخواست میں کہا گیا ہے کہ صدر پاکستان نے 17 فروری 2009ء کو اوگرا آرڈیننس میں ترمیم کرکے 43 بی کا اضافہ کیا لیکن اسے پارلیمنٹ سے منظورنہیں کرایا گیا، اس ترمیم کو کالعدم قرار دیا جائے اور گزشتہ تین سالوں میں جاری ہونے والے اوگرا کے تمام نوٹی فکیشن کالعدم قرار دئیے جائیں۔ درخواست گزار نے موٴقف اختیار کیا ہے کہ سی این جی کی قیمتوں میں ساڑھے 11 روپے کا اضافہ انسانی حقوق سلب کرنے کے مترادف ہے اس نوٹی فکیشن کو فوری طور پر کالعدم قرار دیا جائے۔