02 اپریل ، 2012
اسلام آباد … گزشتہ ہفتے کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال اور پنجاب میں مظاہروں اور ہڑتال کے باعث ٹیکس کی عدم وصولی کا جائزہ لینے کیلئے چیئرمین ایف بی آر نے کمیٹی تشکیل دیدی جبکہ تاجروں کی سہولت کیلئے ایف بی آر دفاتر ہفتے کے روز بھی کھلے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ایف بی آر کو مارچ میں ٹیکس وصولی کی مد میں 25 ارب روپے کمی کا سامنا کرنا پڑا، ترجمان کا کہنا ہے کہ کمی کو اپریل میں پورا کیا جائے گا۔ اسلام آباد میں چیئرمین ایف بی آر ممتاز حیدر رضوی کی زیر صدارت ایف بی آر افسران کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ایف بی آرنے گزشتہ ہفتے کراچی میں امن و امان کی خراب صورتحال اور لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مظاہروں اور ہڑتالوں کے باعث ٹیکس وصولی نہ ہونے پر ٹیم تشکیل دی ہے۔ ٹیم کراچی اور پنجاب میں ٹیکس کی عدم وصولی کی وجوہات پر چیئرمین ایف بی آر کو رپورٹ پیش کرے گی۔ جبکہ ترجمان ایف بی آر کا کہنا ہے کہ عبوری اعداد و شمار کے مطابق پہلے 9 مہینوں میں 1271 ارب روپے کی ٹیکس وصولی ہوئی، مارچ کے مہینے میں 187 ارب روپے کے ہدف کے بجائے 162 ارب روپے وصول ہوئے۔ تاجر برادری کو سہولت فراہم کرنے کیلئے 30 جون تک ہفتہ کے روز بھی ایف بی آر کے فیلڈ دفاترکھلے رہیں گے۔ اجلاس میں مارچ کے مہینے میں لارج ٹیکس پیئر یونٹ اور ریجنل ٹیکس دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ بھی لیا گیا۔