02 اپریل ، 2012
تیمر گرہ … لوئردیر میں سریے سے بھرا ٹرک کار پر الٹ جانے سے مردان یونیورسٹی کے 3 طالبعلم جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق تیمرگرہ بلامبٹ کے قریب زولم پل پر چیکنگ کے دوران سریے سے بھرا ٹرک اچانک قریب کھڑی کار پر جاگرا، سینکڑوں من وزنی ٹرک کار پر گرنے سے کار میں سوار 3 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا، جو مدد کیلئے پکارتا رہا، لیکن ہیوی مشینری نہ ہونے کے باعث کار کے اندر پھنسی ہوئی تینوں لاشوں اور ایک زخمی کو باہر نہیں نکالا جاسکا۔ سڑک پر کار کے اوپر ٹرک الٹ جانے کے باعث ٹریفک بھی معطل رہا تاہم انتظامیہ کی جانب سے کوئی اہلکار نہیں پہنچا اور نہ ہی امدادی کارروائی شروع ہوسکی۔ ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں نوجوان عرفان، ضیاء الرحمن اور محمداسلم مردان یونیورسٹی کے طلبہ ہیں جو لوئر دیر گھومنے آئے تھے۔