پاکستان
25 فروری ، 2014

قومی سلامتی پالیسی آج وفاقی کابینہ کی اجلاس میں پیش کی جائے گی

قومی سلامتی پالیسی آج وفاقی کابینہ کی اجلاس میں پیش کی جائے گی

اسلام آباد…حکومت نے قومی سلامتی پالیسی تیار کر لی جو منظوری کے لیے آج وفاقی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائے گی۔وفاقی کابینہ کے آج ہونے والے اجلا س میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان 5 سالہ قومی سلامتی پالیسی پیش کریں گے۔ذرائع کے مطابق نیشنل سیکیورٹی پالیسی جن اہم نکات پر مبنی ہے ان میں مذاکرات ، دہشت گردوں کی شناخت، انٹیلے جنس نظام بہتر بنانا اور دفاعی قوت بڑھانا شامل ہے۔ذرائع کے مطابق قومی سلامتی پالیسی کے تحت تمام ریاست دشمن عناصر اور نان اسٹیٹ ایکٹرز سے مذاکرات صرف آئین کے تحت کیے جائیں گے۔ بنیادی مقاصد میں ریاست کی سالمیت ، عوام کا تحفظ اور حکومتی رٹ کو برقرار رکھنا شامل ہے۔ پالیسی دستاویز میں نیکٹا کی بھی از سر نو تشکیل کی تجویز شامل ہے جس کا داخلی سیکیورٹی ڈائریکٹوریٹ قائم کیا جائے گا۔ دستاویز کے مطابق دہشت گردی کے باعث ملکی معیشت کو گزشتہ 10 سال میں 78 ارب امریکی ڈالر کا نقصان پہنچا جب کہ ملک میں موجود تمام شدت پسند گروپس کی درجہ وار لیڈر شپ موجود ہے جنہیں سیاسی ، اندرونی و بیرونی حمایت اور فنڈنگ بھی مل رہی ہے۔ دستاویز میں کشمیر ، افغانستان اوربھارت کے حوالے سے خارجہ پالیسی پر بھی نظر ثانی تجویز کی گئی ہے۔قومی سلامتی پالیسی کی دستاویز کے مطابق پاکستان میں ایک تہائی دہشت گرد حملے صرف خیبر پختونخوا میں ہوئے ، بلوچستان میں 23 فیصد ، فاٹا میں 19 فیصد اور سندھ میں 18 فیصد دہشت گرد حملے ہوئے۔

مزید خبریں :