27 فروری ، 2014
کراچی …کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کے واقعات میں مدرسے کے مہتمم اور ان کے بیٹے سمیت 5افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق مبینہ ٹاوٴن تھانے کی حدود میں ابوالحسن اصفہانی روڈ کے قریب مدرسے کے باہر موٹر سائیکل سوارنامعلوم مسلح افراد نے اندھا دھندفائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں مدرسے کے مہتمم قاری علی حسن اور ان کا بیٹا منظور احمدجاں بحق اور ایک شخص زخمی ہوگیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں کشیدگی پھیل گئی اور مشتعل افرادنے کاروبار اور دکانیں بند کرادیں۔ فائرنگ کا ایک اور واقعہ نیوکراچی نمبر تین میں پیش آیا جہاں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے حماد رضا نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ اورنگی ٹاوٴن تھانے میں پولیس اہلکارکی فائرنگ سے اے ایس آئی زخمی ہوگیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تھانے میں فائرنگ کا واقعہ اے ایس آئی اور اہلکارکے بچوں کے جھگڑے کے نتیجے میں پیش آیا۔ فیڈرل بی ایریا میں النوراسپتال کے قریب گاڑی پرفائرنگ سے زخمی دو افراد دم توڑ گئے۔ مقتولین کی شناخت مفتی بلال اور قاری جاوید کے نام سے ہوئی ہے۔