03 مارچ ، 2014
لاہور…خوشی کی خبر ہے کہ پنجاب اسپورٹس فیسٹیول میں پاکستان کبڈی ٹیم نے بھارتی ٹیم کو چِت کر دیا۔ طاقت، داوٴ پیچ اور پھرتی کا یہ میدان سجا لاہور کے پنجاب اسٹیڈیم میں۔ایک طرف پاکستانی شاہین تو سامنے بھارتی سورما۔ کسرتی بدن والے شہ زورجوانوں میں جب بھی زور آزمائی کا جوڑ پڑتا شائقین میں جوش کی لہر دوڑ جاتی۔ میچ میں شروع سے ہی میزبان ٹیم کا پلہ بھاری نظر آیا۔ پاکستانی کھلاڑیوں نے مہارت اورقوت سے اپنی برتری برقرار رکھی اور 34کے مقابلے میں 51پوائنٹس سے میچ جیت لیا۔ کپتان نے فتح کو والدین کی دعاوٴں کا نتیجہ قرار دیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ میچ میں کسی کی ہار نہیں ہوئی، دونوں ہمسایہ ملکوں کی مشترکہ جیت ہے، میچ میں کون جیتا،کس کی ہار۔ اس سے زیادہ اہم وہ جذبے، قربتیں اور محسوسات ہیں جو ایسے دوستانہ مقابلوں سے دلوں میں جاگنے لگتے ہیں۔