07 مارچ ، 2014
اسلام آباد…سنگین غداری کے مقدمے کے لیے قائم خصوصی عدالت نے، عدالت کی تشکیل اور ججوں کے متعصب ہونے سے متعلق مشرف کی درخواستیں خارج کر دیں۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ یہ درخواستیں میرٹ پر نہیں۔جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں خصوصی عدالت کا تین رکنی بینچ غداری کیس کی سماعت کررہا ہے۔ خصوصی عدالت نے آج پرویز مشرف کی تین مزید درخواستیں خارج کردیں ، ان درخواستوں میں پرویز مشرف کے وکلا نے موقف اپنایاتھا کہ ججز متعصب ہیں ، جبکہ ججز کی نامزدگی اور خصوصی عدالت کی تشکیل کوبھی چیلنج کیا گیا تھا ، تاہم عدالت نے یہ درخواستیں مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ مقدمے میں کسی اورکو شامل کرنے کے بارے میں فیصلہ شواہد کو دیکھ کر کیا جائے گا۔ پرویز مشرف نے درخواست میں موقف اپنایا تھاکہ صرف ان کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہاہے ۔ کیس کی مزید سماعت 11 مارچ کو ہوگی۔ عدالت اس سے پہلے غداری کا مقدمہ آرمی ایکٹ کے تحت چلانے کی پرویزمشرف کی درخواست بھی مسترد کرچکی ہے۔ پرویز مشرف کے وکلانے استغاثہ کی تعیناتی کو بھی چیلنج کر رکھا ہے تاہم اس کا فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے ۔ فیصلے کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے استغاثہ کے وکلا نے کہاکہ آئندہ سماعت پرمشرف پیش نہیں ہوئے تو عدالت سے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی درخواست کی جائے گی۔جبکہ پرویز مشرف کے وکلا کا کہنا تھا کہ وہ اس فیصلے کو چیلنج کریں گے۔