07 مارچ ، 2014
اسلام آباد…غذائی قلت کے نتیجے میں تھر کے121 بچے مرنے کے بعد انتظامیہ کو ہوش آگیا۔ تھر کے لیے دس کروڑ روپے کے امدادی پیکج کا اعلان کردیا گیا، نااہلی پر ڈائریکٹر ہیلتھ معطل۔ وزیراعظم نواز شریف نے بھی نوٹس لے لیا ۔وزیراعظم نے ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کو سندھ حکومت سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔وزیراعظم نواز شریف نے تھرپارکر میں خوراک کی کمی کے باعث بچوں کی اموات کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے این ڈی ایم اے کو فوری امداد فراہم کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ سرکاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے سندھ کے علاقے تھرپارکر میں خوراک کی کمی کے باعث بچوں کی اموات کا سختی سے نوٹس لیا ہے۔ وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ امداد فراہم کرنے کے لیے فوری سندھ اتھارٹی سے رابطہ کرے۔ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے این ڈی ایم اے کو حکم دیا ہے کہ اس بحران پر قابو پانے کیلئے تمام ہر ممکن امداد فراہم کرے۔