07 مارچ ، 2014
اسلام آباد…سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے چیف جسٹس پاکستان جسٹس تصدق حسین جیلانی کو خط لکھا ہے کہ تھر میں بچوں کی اموات پر از خود نوٹس لیا جائے ۔ سابق چیف جسٹس افتخارمحمد چوہدری نے ضلع تھرپارکر میں غذائی قلت کے باعث بچوں کی اموات کا ازخود نوٹس لینے کے لیے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھا ہے۔چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کے نام خط میں سابق چیف جسٹس نے کہا ہے کہ ضلع تھر پارکر میں غذائی قلت اور قحط سالی کے باعث درجنوں معصوم بچے جاں بحق ہو چکے ہیں، اس کے علاوہ ایک لاکھ 75 ہزار سے زائد خاندان متاثر ہوئے ہیں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ میڈیا رپورٹس کے مطابق انسانی جانوں اور مویشیوں کو بچانے کے لیے کیے گئے اقدامات ناکافی ہیں۔ خط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ایسی صورتحال میں تھر پارکر کے باسیوں کے آئین میں دئیے گئے بنیادی حقوق متاثر ہوئے ہیں۔ سپریم کورٹ اس صورتحال کاجائزہ لیتے ہوئے عوامی مفاد میں ازخود نوٹس لے۔