07 مارچ ، 2014
گوجرانوالہ …جمعیت علمائے اسلام (س) کے امیر اور طالبان کی رابطہ کار کمیٹی کے سربراہ مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ جنگ بندی کی خلاف ورزی پر وزیردفاع خواجہ آصف کی جانب سے آپریشن کی وارننگ دی گئی ہے۔ مولانا سمیع الحق کا مزید کہنا ہے کہ 10 سال بھی آپریشن ہوتا رہا،تو امن نہیں ہوگا،دہشت گرد بھاگ جائیں گے اور معصوم لوگ مارے جائیں گے۔گوجرانوالہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق نے کہا کہ وہ بند دروازے کھولنے میں کامیاب ہوگئے ہیں، اب دونوں ٹیمیں ایک میز پر آمنے سامنے بات کریں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ خواجہ آصف کو اس طرح کے بیانات سے گریزکرنا چاہئے،ان کا لیڈر تو زور و شور سے مذاکرات کی بات کر رہا ہے۔آپریشن سے مسائل بڑھیں گے۔